وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہوگا۔
لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم جاری ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ ویکسین لگوائیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبے میں دوبارہ کرونا کا سامنا ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ ماسک کا استعمال کریں، کیسز میں اضافے پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہوگا۔
اپنے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ مجھے بھی ویکسین لگی ہوئی تھی تاہم اس کے باوجود کرونا کا شکار ہوئی ہوں مگر وائرس اس شدت سے اثر انداز نہیں ہوا۔
صحت کارڈ سے متعلق انھوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کے لئے اگلے 3 سال کا بجٹ دے دیا ہے۔ چند دنوں میں لاہور کی 70 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا اور طلاق یافتہ خاتون اور اس کے بچوں کا بھی کارڈ ہوگا،10لاکھ سے زائد افراد نے ہیلتھ کارڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کرلی ہے اور یکم جنوری 2022 سے لوگوں نے کارڈ پر سہولت لینا شروع کردی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے دعویٰ کیا کہ اگلی بار بھی پاکستان تحریک انصاف ہی اقتدار میں آئے گی۔