خیبرپخونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کے لی حکمت عملی وضع کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ محمود خان نے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور پارٹی کی صفوں میں اتحاد اور نظم وضبط یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں خیبرپخونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے الیکشن میں تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 3 میئر سمیت 22 تحصیل چیئرمینز کی سیٹیں حاصل کیں جبکہ تحریک انصاف 14 تحصیل نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
دوسری جانب اجلاس میں مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے برآمدات کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایکسپوٹرزکی شکایات کے ازالہ کرنے کے لیے ایک پورٹل بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کرنے والے تاجروں کو قومی سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔