دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج (25 دسمبر) کو کرسمس کا تہوار مذہبی رسومات کے مطابق منارہی ہے۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور ميں مسيحی برادری کے ليے ڈبل ڈیکر بس کی فری رائیڈ کا اہتمام کيا گيا، جہاں یادگار لمحات کو کیمرے میں محفوظ کیا گیا۔
ادھر فيصل آباد ميں کرسمس کے موقع پر کیک اور مٹھائیوں کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا، کیک کی دکانوں پر شہريوں کا رش ہے جہاں خوبصورت کيک آرڈر پر تيار کیے گئے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد پيش کی اور کہا کہ کرسمس کا تہوار محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی کمیشن بنایا جا رہا ہے۔
اسی طرح صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی شہری مختلف طریقوں سے کرسمس کا تہوار عقیدت کے ساتھ منا رہے ہیں۔
وزيراعظم عمران خان کی جانب سے مسيحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی، انہوں نے کہا کہ ہمارے مسيحی شہريوں کو کرسمس کی ڈھيروں خوشياں مبارکباد ہوں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاکستان ائیر فورس کے لئے مسیحی برادری کی خدمات قابلِ ستائش اور باعثِ فخر ہیں۔