افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے تنظیم تعاون اسلامی کے اجلاس کے انعقاد کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
سماء کے پروگرام سات سے آٹھ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان کے بحرانی صورتحال کی اہم وجہ بین الاقوامی پابندیاں ہیں جو پورے طور پر اٹھانے کی ضرورت ہے اور اگر اس ضمن میں کسی کو طالبان کے حوالے سے تحفظات ہیں تو وہ ہم سے بات کرلے۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ آو آئی سی رکن ممالک کو نہ صرف افغانستان کی مدد کرنی چاہیے بلکہ طالبان حکومت کو تسلیم بھی کرلینا چاہیے کیوں کہ ہماری حکومت عوام کی حمایت یافتہ ہے اور ہم 20 سالہ جنگ آزادی کے بعد اقتدار تک پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام آزادی پسندوں اور خصوصاً مسلم ممالک کو اسلامی بھائی چارے کے تحت ہماری مدد کرنی چاہیے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ تنظیم تعاون اسلامی کا ایک وفد افغانستان کا دورہ کرے گا جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور یہ ایک مثبت عمل ہوگا کیوں کہ اس سے وفد کوافغانستان کے زمینی حقائق کا پتہ چل سکے گا۔