ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں ميں برف پڑنے کے بعد مالم جبہ سے آزاد کشمير تک ہر سو سفيدی چھاگئی جس سے سیاحتی مقامات کا حسن مزید نکھر گیا۔
سوات کی حسين وادی ميں برف پڑنے کے بعد يوں لگتا ہے جيسے قدرت کا سارا حسن مالم جبہ ميں سمٹ آيا ہو۔ سبز درختوں پر پڑنے والی سفيدی ديکھنے والوں کو راحت بخشنے لگی۔
سیاحوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس وہ الفاظ ہی نہیں جو ان مناظر کی تعریف بیان کرسکیں۔ کراچی سے آنے والے سیاحوں نے تو کوزے میں دریا بند کرتے ہوئے علاقے کو جنت قرار دے دیا۔
دير ميں برفباری اور رم جھم کے بعد جاڑا دھوم مچانے لگا جبکہ بٹگرام اور بالائی ہزارہ کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔
جنت نظير وادی آزادکشمير کا حسن بھی نکھرآيا جہاں راؤلا کوٹ میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔ وادی نیلم اور لیپہ کےپہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملکہ کوہسار مری نے بھی سفيد پوشاک زیب تن کر لی۔