پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد مناف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر گذشتہ روز 84 سال کی عمر میں ایمسٹرڈیم میں انتقال کرگئے تھے۔
محمد مناف نے نومبر 1959 میں آسٹریلیا کےخلاف لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 4 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے 71 فرسٹ کلاس میچوں میں 180 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے سندھ، کراچی اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی نمائندگی کی تھی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ مرحوم محمد مناف کا شمار ان چند کرکٹرز میں ہوتا تھا جنہوں نے پاکستان کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہچان بنائی۔ پی سی بی اس مشکل گھڑی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہے۔