پلواما حملے کے فوری بعد بھارت نے حسب روایت پاکستان مخالفت دکھاتے ہوئے کرکٹرز اور فنکاروں کے خلاف محاذ بنا لیا۔ پی ایس ایل کی کوریج روکنے، معروف بھارتی میوزک کمپنیوں کے یو ٹیوب چینلز سے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹانے سمیت نفرت انگیزی پر مشتمل کئی اقدامات کیے گئے ۔
یہی نہیں ، بھارتی انتہا پسندوں نے یہ مطالبہ بھی کیا گیا بھارت ،پاکستان کے ساتھ ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلے۔ بی سی سی آئی کا رجحان بھی یہی لگ رہا ہے لیکن ایسے میں بھارت کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے خاصی ڈپلومیٹک ٹویٹ سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ٹنڈولکر نے لکھا کہ ’’ورلڈ کپ میں بھارت ہمیشہ پاکستان کے خلاف فتحیاب رہا ہے، وقت آ گیا ہے کہ انہیں دوبارہ شکست دی جائے‘‘۔
بھارت کی جانب سے کھیلنے سے انکار پر پاکستان کوورلڈ کپ میں ملنے والے ممکنہ 2 پوائنٹس کے حوالے سے سچن نے مزید لکھا کہ ’’ مجھے ذاتی طور پر اس بات سے نفرت ہے کہ پاکستان کو 2 اضافی پوائنٹس دیکر ورلڈ کپ میں ان کی مدد کی جائے ‘‘۔
— Sachin Tendulkar (@sachin_rt) February 22, 2019
سچن ٹنڈولکر کے پیغام کا ایک پہلو تو شاید کھیل اور پاک بھارت میچز کے حق میں شمار کیا جا سکتا ہے لیکن شاید بھارتی انتہا پسندوں کے خوف سے اگلے حصے میں سچن کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنا مقصود تھی۔
انہوں ںے مزید لکھا ’’میرے لیے بھارت سب سے پہلے ہے، اس لیے میرا ملک جو بھی فیصلہ کرے گا میں دل و جان سے اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔
ٹوئٹر پر بھارتی شائقین اس ٹویٹ کے حوالے سے مختلف ردعمل ظاہر کر رہے ہیں، کوئی سچن کے موقف کی تائید کر رہا ہے تو کسی کا کہنا ہے کہ سچن ایسا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں۔