پورٹ آف سپین : کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شاداب خان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے سینٹ لوشیا کو 4 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
کیریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی اسٹار کی بدولت ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے سینٹ لوشیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
فاتح ٹیم نے 119 رنز کا ہدف 15.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شاداب خان نے ناقابل شکست 30 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 4 اوورز میں 16 رنز کے عوض ایک وکٹ بھی لی تھی، شاداب کو عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پورٹ آف سپین میں کھیلے گئے لیگ کے چھٹے میچ میں سینٹ لوشیا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 118 رنز بنائے، آندرے فلیچر 40، ڈیرن سیمی 25 اور کامران اکمل 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیون کوپر نے 3 ڈیوائن براوو نے 2 جبکہ شاداب خان، سنیل نارائن اور پائری نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اے پی پی