ابوظہبی : پاکستانی ٹیم کے بلے باز اسد شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کرلئے، وہ یہ اعزاز پانے والے 18 ویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
اسد نے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کارنامہ انجام دیا، پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے کا اعزاز یونس خان کو حاصل ہے، جنہوں نے 9 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں۔
اسد شفیق کالی آندھی کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے جب میدان میں اترے تو انہیں 3 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 57 رنز درکار تھے، انہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیل کر 3 ہزار رنز مکمل کئے، شفیق تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنیوالے چھٹے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 75 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ اے پی پی