اسٹاف رپورٹ
دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی تازہ رینکنگ جاری کردی، بولرز میں سعید اجمل کا پہلا نمبر ہے، جب کہ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ سب سے آگے ہیں، ٹیم درجہ بندی میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن ہے۔
دبئی سے جاری کردہ ٹیم رینکنگ کے مطابق ایک سو سولہ پوائنٹس کے ساتھ بھارت سرفہرست ہے، جب کہ جنوبی افریقا دوسرے نمبر پر ہے، ایک سو چودہ پوائنٹس کا حصول آسٹریلیا کی تیسری پوزیشن کا باعث ہے، بلے بازوں میں اے بی ڈی ویلیئرز پہلے نمبر پر ہیں۔
ہاشم آملہ کی دوسری پوزیشن ہے، جب کہ بھارتی ماسٹر بلاسٹر ویرات کوہلی کا تیسرا نمبر ہے، ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں ایک بھی پاکستانی شامل نہیں، کپتان مصباح الحق کا نمبر تیرہواں ہے، جب کہ احمد شہزاد اٹھارہویں اور حفیظ انیس ویں نمبر پر ہیں۔
بولرز میں سعید اجمل کی پہلی پوزیشن ہے، سنیل نارائن کا دوسرا نمبر ہے، جب کہ جنوبی افریقن اسپیڈگن ڈیل اسٹین کی تیسری پوزیشن ہے، آل راؤنڈرز میں حفیظ کی بدستور پہلی پوزیشن ہے، جب کہ سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز دوسرے اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں۔ سماء