اسٹاف رپورٹ
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان اور سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 14 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، ناصر جمشید اور عبدالرحمان کو باہر کردیا گیا جبکہ محمد عرفان فٹنس مسائل کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے۔
پاکستان کی ہوم سیریز کا میلہ ایک بار پھر یو اے ای میں سجے گا جہاں افغانستان اور سری لنکا کے خلاف مختر ترین طرز کی کرکٹ ہوگی جس کیلئے پی سی بی نے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
متحدہ عرب امارات میں میزبان پاکستان کا افغانستان کیخلاف 8 دسمبر کو ٹی ٹوئنٹی میں، جبکہ سری لنکا کیخلاف 11 اور 13 دسمبر کو مقابلے ہوں گے۔
قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت بدستور محمد حفیظ کریں گے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، شرجیل خان، صہیب مقصود، عمرامین، عمر اکمل اور بلاول بھٹی شامل ہوں گے۔
شاہد آفریدی، جنید خان، سہیل تنویر، انور علی، سعید اجمل اور حارث سہیل بھی گرین شرٹس کا حصہ ہوں گے۔
پاکستانی اسکواڈ 5 دسمبر کو یو اے ای روانہ ہوگا، سعید اجمل افغانستان کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے، اسٹار اسپنر 8 دسمبر کو دبئی پہنچیں گے۔
اوپننگ بیٹسمین ناصر جمشید، عبدالرحمان اسکواڈ میں جگہ نہ بناسکے جبکہ محمد عرفان کو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ سماء