Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

دوسرا ون ڈے،پاکستان کی جنوبی افریقا کو66رنز سےشکست

SAMAA | - Posted: Nov 1, 2013 | Last Updated: 9 years ago
SAMAA |
Posted: Nov 1, 2013 | Last Updated: 9 years ago

ویب ڈیسک

دبئی : پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقا کو 66 رنز سے ہرادیا، پروٹیز 210 رنز کے جواب میں 143 پر آؤٹ ہوگئے، محمد عرفان اور شاہد آفریدی نے 3، 3 وکٹیں لیں، سعید اجمل رواں سال سب سے زیادہ وکٹیں لینے  والے بولر بن گئے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، سہیل تنویر نے کولن انگرام کو 4 رنز پر پویلین بھیج دیا، جس کے بعد سعید اجمل نے گریم اسمتھ کو 14 اور محمد عرفان نے جے پی ڈومینی کو 25 کے اسکور پر ٹھکانے لگادیا۔

کپتان ڈی ویلیئرز اور ڈو پلیسی کو شاہد آفریدی نے واپسی کی راہ دکھائی تو پروٹیز کا مجموعہ 73 تھا، ڈیوڈ ملر 11 کے اسکور پر محمد حفیظ کا شکار بنے۔

ریان میک لارین 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر کے ساتھ ناقابل شکست بھی رہے، وین پارنیل 21، مورن مورکل 5، سوٹسوبے 4 اور عمران طاہر محض 3 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور شاہد آفریدی نے 3، 3 اور سعید اجمل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سعید اجمل رواں سال ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی بن گئے، وہ 22 میچوں میں 43 شکار کرچکے ہیں ، دوسرے نمبر پر بھارت کے رویندرا جڈیجا ہیں جنہوں نے بھی 43 وکٹیں 27 میچوں میں لیں۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو 26 رنز کے بعد 3 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔

پاک جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی جبکہ اگلا مقابلہ 6 نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ سماء

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube