Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

پی ٹی آئی نےغیر قانونی طور پر پیٹرول سستا کیا، مریم اورنگزیب

SAMAA | - Posted: May 14, 2022 | Last Updated: 2 days ago
SAMAA |
Posted: May 14, 2022 | Last Updated: 2 days ago

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نےعوام کےساتھ دھوکہ کیا اور غیر قانونی طور پر پیٹرول سستا کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 4 سال نالائق اور نااہل لوگ اقتدار سے چمٹے رہے، پارلیمنٹ کو آرڈی نینس کے ذریعے چلایا گیا ، 4 سال لوٹ مار کرنے والی گزشتہ حکومت 4 ہفتے پہلے آنے والی حکومت سے سوال کررہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر جلسوں میں استعمال کیا جارہا ہے،عمران خان کس حیثیت سے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے سے کسی نے نہیں روکا، عمران خان اعلانات کررہے ہيں، ميں آرہا ہوں، آپ کو روک کون رہا ہے۔ آپ جتنی دھمکياں ديں گے حکومت کو فائدہ ہوگا۔

سیالکوٹ میں جلسہ گاہ کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ معاملہ حکومت اور پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ مسیحی برادری اور پی ٹی آئی کا ہے, 9 مئی کو جلسہ گاہ کے حوالے سے خط لکھا گیا، جس میں تمام تفصیلات لکھی گئی تھیں، مسیحی برادری نے اپنی جگہ کے استعمال پر احتجاج کیا تھا، انہوں نے کہا کہ چرچ گراؤنڈ مذہبی رسومات کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، تحریک انصاف کو جلسےکے لیےکوئی اورجگہ دی جائے۔

اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں کوئی خونی مارچ کرنے کا حق نہیں رکھتا، خونی مارچ کی باتيں کريں گے تو رانا ثنااللہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے عوام کو بچائيں۔

عمران خان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے معيشت کو تباہ کيا، جب نواز شريف کو اقامہ پر نکالا تو اس وقت ڈالر 105 روپےکا تھا، جب آپ گئے تو ڈالر 189 روپےکا تھا۔ ہمارے دور ميں آٹا 35 روپے اور ان کے دور ميں 90 روپے ہوگيا۔

عمران خان نے گزشتہ روز کہا کہ اس حکومت سے اچھا ہے کہ پاکستان پر ايٹم بم مار ديتے، عمران خان شيشہ ديکھا کريں شايد شيشہ ہی انہیں سچ بتادے، سرکاري وسائل استعمال کرکے ایسےبیانات دینے پر انہیں شرم نہیں آتی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube