کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے اور ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیٹ اسٹروک یونٹس قائم کرلیے گئے۔
حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جناح اسپتال، سول اور عباسی شہید اسپتال سمیت تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں اضافی بستر لگا دیے گئے۔
جناح اسپتال شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر صائمہ مشتاق کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں 30 اضافی بستر لگا دیے گئے ہیں، سول اسپتال کی میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر روبینہ بشیر کے مطابق 14بستروں پر مشتمل ہیٹ اسٹروک یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
عباسی شہید اسپتال ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر نادر علی سید نے بتایا کہ عباسی شہید اسپتال میں 50 بستروں پر مشتمل ہیٹ اسٹروک یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
کراچی کے ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں بھی ہیٹ اسٹروک یونٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں اضافی بستروں کے ساتھ او آر ایس، تولیے ، آئی وی ڈرپس اور پانی کے ٹب سمیت ضروری سامان مہیا کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو دن کے اوقات میں غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے اور اگر گھر سے نکلنا ہو تو شہری سایہ دار راستے کا انتخاب کریں، سر ڈھانپ کر نکلیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، گھر کے بنے ہوئے مشروبات اور فریش جوسز کا استعمال کریں۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ کراچی سمیت ملک بھر میں 16 مئی تک شدید گرمی اور لُو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کراچی سمیت ملک کے کئی شہر ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور جمعہ کے روز کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر 2 دن تک مزید جاری رہے گی۔