محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے۔
بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 07 سے 09 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، جب کہ بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب، بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ادارے کے مطابق شدید گرمی کے باعث آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ ہو سکتا ہے اور آئندہ ہفتے انرجی کی کھپت بڑھ جائے گی۔
زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا بھی امکان ہے، کسان پانی دینے کیلئے مناسب انتظامات کریں۔ طبی ماہرین نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ بلا ضرورت دھوپ میں جانے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال وافر مقدار میں کریں۔
اس سلسلے میں میٹ آفس نے عوام کو گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ اگلے ہفتے پاکستان بھر میں بدترین ہیٹ ویو جیسے حالات کا خدشہ ہے اور اتوار کو (8 مئی) سے دباؤ میں اضافہ ہوگا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بلند دباؤ کی وجہ سے دن ملک کے اکثر علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔
قبل ازیں میٹ آفس کی جانب سے گزشتہ ہفتے پیش گوئی کی گئی تھی کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران مغربی موسمی نظام کے زیر اثر پاکستان بھر میں آندھی اور گردوغبار کے طوفان کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جب کہ مغربی موسم کی یہ لہر 5 مئی تک برقرار رہے گی، نئے موسمی نظام کے تحت یکم مئی بروز اتوار سے 2 مئی بروز پیر کے درمیان کراچی، حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، ٹھٹہ اور بدین میں گردوغبار کے طوفان کی توقع ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا تھا۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اگلے 5 دنوں میں ان علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے جو کہ معمول سے زیادہ ہے۔
Severe Heat wave conditions predicted during the next week
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) May 6, 2022
High pressure is likely to grip upper atmosphere from Sunday. Due to this high pressure day temperatures are likely to increase gradually in most parts of the country from Sunday. (From 8 May 2022)#heatwave #summer pic.twitter.com/3DpGvLF2gD