رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ جو ہم سے وفاداری مانگ رہے ہیں انہوں نے ہمیں ہروایا تھا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن میں ہمارے ووٹ کو چرایا گیا اور جنہیں کامیاب کروایا گیا انہیں تو اگلے روز بھی یقین نہیں آرہا تھا۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی انہیں بھی حکومت بنانے ہمارے در پرآنا پڑا، نہ آپ ہمارے بغیر حکومت بناسکے نہ ہمارے بغیرحکومت بچاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ہمیں ڈنڈوں کی زد میں لائے تھے ہم انہیں قلم کی زد میں لے آئے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف حکومت میں ساڑھے 3 سال تک ان کے اتحادی رہے تاہم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے کے بعد ان کے معاملات متحدہ اپوزیشن سے طے پاگئے اور انہوں حکومت کا ساتھ چھوڑ دیا جس کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی اکثریت ختم ہوگئی۔