Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں

SAMAA | - Posted: Apr 15, 2022 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Apr 15, 2022 | Last Updated: 1 month ago

معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی کراچی کے اسپتال میں انتقال کر گئیں، وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی اور معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی بلقیس ایدھی خود بھی ایک سماجی کارکن تھیں، ان کی عمر 74 سال تھی، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھیں جبکہ تقریباً 15 روز سے بلڈ پریشر کی شکایت کے باعث نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے بلقیس ایدھی کے انتقال کی تصدیق کردی۔ انہوں نے بتایا کہ نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر میمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین مرحومہ کی خواہش کے مطابق میوہ شاہ قبرستان میں ہوگی۔

بلقیس ایدھی نے ساری زندگی اپنے شوہر اور عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار الستار ایدھی کے ساتھ دُکھی انسانیت کی خدمت میں گزاری، پاکستان کے سب سے بڑی سماجی تنظیم کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔

بلقیس ایدھی 14 اگست 1947ء کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئیں اور پھر فیملی کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آبسیں، عبدالستار ایدھی سے اُن کی شادی 1966ء میں ہوئی، ان کی 50 سالہ رفاقت 2016ء میں عبدالستار ایدھی کے انتقال تک جاری رہی۔

بلقیس ایدھی نے محض 16 برس کی عمر میں عبدالستار ایدھی کے نرسنگ اسکول سے نرسنگ کی تربیت حاصل کی، انہیں ’پاکستان کی ماں‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، انہوں نے اپنی زندگی 6 دہائیوں سے زیادہ انسانیت کی خدمت میں گزاری۔

حکومت پاکستان نے بلقیس ایدھی کو شاندار سماجی خدمات پر ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا، انہیں روسی حکومت کی طرف سے لینن پیس پرائز بھی دیا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے بھی انہیں مدر ٹیریسا ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بلقیس ایدھی نے سوگواروں میں فیصل ایدھی، کبریٰ ایدھی، کتب ایدھی اور الماس ایدھی کو چھوڑا ہے۔

تعزیتی پیغامات

صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، اور وژن گروپ رکن پنجاب اسمبلی علیم خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے بلقیس ایدھی کے انتقال کر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلقیس ایدھی نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے مشن کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا، ان کی انسانیت کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ سربراہان مملکت نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

چيئرمين ويژن گروپ عليم خان کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا، وہ رحمدل اور انسانیت کا درد رکھنے والی شخصیت تھیں، وہ ہزاروں یتیم بچیوں کیلئے ماں کا درجہ رکھتی تھیں، ان کی انسانیت کیلئے خدمات  ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube