وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ لوگ عمران خان کو نہیں جانتے ہیں، میرے پاس اندر کی خبر ہے کہ تم کو کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان جیت جائے گا اور چھا جائے گا اور تم دیکھتے رہ جاؤ گے۔
اسلام آباد میں وزارت داخلہ میں اہم پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی کفن فروش اسی شارع دستور میں دفن ہوجائیں گے۔ عمران خان تحریک عدم میں نہ بچا تو دو تہائی اکثریت سے واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں ، سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حامی تھا، تاہم سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز عمران خان نے مسترد کی تھی، میں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ قبل از وقت انتخابات کرائے جائیں۔ میں چاہتا ہوں کہ عمران خان کے ہاتھوں ملک میں انقلاب آئے۔
منحرف اراکین سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چور لٹیرے، ضمیر فروش وقت آنے پر اپنی بولی لگا دیتے ہیں۔ ضمیر فروشوں اور بلیک میلرز کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔ یہ چُلّو بھر پانی میں ڈوب مریں۔ جلد انتخابات اپوزیشن کی جیت ہوگی یا حکومت کی؟ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام ایسے لوگوں کو لائے جو بکنے اور بکنے والے نہ ہوں اصلی اور نسلی ہوں۔
شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف یہ تمہاری اچکن نیکر بن جائے گی۔ سياسی کفن پوش اپنے انجام کو پہنچيں گے۔
اپوزیشن کے متحرک ہونے اور اسٹیبلشمنٹ کے کردار سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو خدا بچائے گا، اگر وہ تحریک عدم اعتماد میں نہیں بچ رہا تو اللہ اسے بہت عزت دینے جارہا ہے، اب وہ 2 تہائی اکثریت سے آئے گا، اسٹیبشلمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے اور ملک کے حالات کا تقاضہ ہے کہ حکومت مدت مکمل کرے۔
فضل الرحمان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ فضل الرحمان اللہ سے خیر کی مدد مانگیں۔ فضل الرحمان کو کچھ نہیں ملنے جا رہا۔ فضل الرحمان کل حکومت کو دھکا دے رہا تھا،اسے ہی نہ دھکا لگ جائے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان شام ساڑھے 5 بجے جلسہ سے خطاب کریں گے، ہم نے کل جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی تھی۔ آج جے یو آئی اپنی مرضی سے بیٹھی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے سڑکیں کھلی رکھنے کا حکم دیا، ان پر مقدمہ درج کرائیں گے، جے یو آئی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ عوام کی سلامتی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مال سے لوگوں کو خریدا جا رہا ہے، مال ہی ان کا مائی باپ ہے، صدام کامال نہیں چھوڑا، بن لادن کامال نہیں چھوڑا۔ جب ضرورت پڑتی ہے تو یہ بھگوڑے بھاگ جاتے ہیں، عمران خان آخری گیند تک ان کے ساتھ کھیلے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ بیماریوں کو مینج کرکے بھاگنے والے لوگ ہیں، بھاگ تو شہباز شریف بھی رہے تھے، ایئرپورٹ پر پکڑ لیا، یہ ووٹ کوعزت دے رہے ہیں، واجبی سی ریلی لاہور سے آ رہی ہے۔ یہ درست ہے کہ ہمارے دور میں مہنگائی تھی، ہمارے دور میں غریب کو وہ سہولت نہیں ملی جو ملنی چاہیے تھی کیوں کہ ان چوروں نے خزانہ اتنا لوٹا کہ عمران خان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔
نواز شریف کی واپسی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پیسے والے لوگ ہیں، یہ مال لگاتے ہیں، فضا بنادیتے ہیں کہ وہ مرنے لگا ہے۔ میں نے ایک بہت بڑی خبر رکھی ہوئی ہے کہ ملک دشمن عناصر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس کو تباہ کرنا چاہتے تھے، وہ ایک بہت بڑا کھیل کھیلنے جارہے تھے جو ہمارے سیکیورٹی اداروں نے ٹھیک کیا۔