کراچی کے علاقے صدر میں سابق سب انسپکٹر چاند خان نیازی کو دوست سمیت قتل کرنے والا ارشد پپو کا بیٹا گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم عالم نے انکشاف کیا ہے کہ ارشد پپو کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے سابق پولیس افسر کو قتل کیا۔
لیاری گينگ وار طويل عرصے تک کراچی ميں خوف و دہشت کی علامت بنی رہی اور اب اس لڑائی کے مرکزی کرداروں کی نئی نسل نے بدلہ لينا شروع کرديا ہے۔
سابق سب انسپکٹر چاند خان اور محکمہ تعلیم بلوچستان کے ملازم عبدالرحمان کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی نکلا، دونوں کو 22 مارچ کی صبح کراچی کے مصروف ترين علاقے صدر ميں دن دہاڑے گولياں مار کر قتل کيا گيا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آنے کے بعد قاتلوں کی تلاش شروع کی گئی، تفتیش میں پتہ چلا کہ لیاری گينگ وار کے مرکزی کردار ارشد پپو کے بيٹے عالم بلوچ نے باپ کے قتل کا بدلہ لينے کيلئے دونوں کو قتل کیا۔
پولیس نے عالم بلوچ کو گرفتار کرلیا جس نے دوہرے قتل کا اعتراف بھی کرليا تاہم گولیاں چلانے والا ملزم تاحال گرفتار نہيں ہوسکا۔
رینجرز کے کرنل نصر کا کہنا ہے کہ يہ واقعہ ذاتی دشمنی کا ہے، جس کا لیاری گینگ وار کے دوبارہ متحرک ہونے سے کوئی تعلق نہيں ہے۔
پولیس کے مطابق ارشد پپو قتل کیس میں اغواء کے الزام میں ضمانت پر رہا پولیس افسر یوسف بلوچ کو سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے، 31 دسمبر سال 2021ء کو سولجر بازار میں قتل ہونیوالے انسپکٹر جاوید بلوچ کے قتل کی تحقیقات بھی اسی ملزم سے کی جارہی ہیں۔