سوشل ميڈيا پر وزيراعظم کی ذاتی زندگی کيخلاف مہم چلانے کے کے الزام میں لاہور سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
ايف آئی اے سائبر کرائم نے وزیراعظم عمران خان کی ذاتی زندگی کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے الزام میں ایک شخص کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے حراست ميں لیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے لیا، مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب سماء سے گفتگو میں خاتون اول کی بہن مریم ریاض نے وزیراعظم عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ناراضگی سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی اسلام آباد میں ہی مقیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ازدواجی زندگی سے متعلق تمام افواہیں بے بنیاد ہیں، بشریٰ بی بی کو مشورہ دیا ہے کہ افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف عدالت جانا چاہئے۔
نمائندہ خصوصی سماء کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کا ایک ہفتے سے لاہور جانا ہی نہیں ہوا، وہ مسلسل اسلام آباد میں موجود ہیں، اس حوالے سے پھیلائی جانیوالی خبریں سوائے پراپیگنڈا کے کچھ نہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سی ای سی اجلاس میں ذاتی حملوں پر مشتمل مہم پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مادر پدر آزادی کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی حملوں پر مشتمل مہم گھٹیا اور نا قابل برداشت ہے۔