Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

تحریک عدم اعتماد،نوازشریف نےشہبازشریف کوٹاسک دیدیا ہے،مریم

SAMAA | - Posted: Feb 11, 2022 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Feb 11, 2022 | Last Updated: 3 months ago

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تحريک عدم اعتماد پر کام مکمل ہو رہا ہے، نواز شریف اور پارٹی نے شہباز شریف کو ٹاسک دے دیا ہے۔ اتحادی ہمارے ساتھ رابطے ميں ہيں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف آج بھی عدالت میں پیش ہوئے لیکن عمران خان نے ملک میں انصاف کی دھجیاں اڑا دی ہیں اور عوام کو معاشی تباہی کا سامنا ہے۔ عمران خان ملکی مسائل کے حل کے لیے صرف ترجمانوں کا اجلاس بلاتے ہیں لیکن آج تک شہباز شریف کے خلاف ایک کیس بھی ثابت نہ ہوسکا۔ قوانین کو توڑ مروڑ کر شہباز شریف کے خلاف مقدمات بنائے گئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو جیل بھیجنے کے لیے بھرتیاں کر رہے ہیں اور شہباز شریف پر کیسز ثابت کرنے کے لیے شہزاد اکبر کو ذمہ داری دی گئی لیکن شہزاد اکبر نے وزیر اعظم کے سامنے ہاتھ جوڑے کہ یہ کیسز نہیں بنتے اور جس کے بعد وزیر اعظم نے شہزاد اکبر کو ہٹا دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سرکاری مشینری کو شہباز شریف کے خلاف لگایا اور ڈیلی میل سے کام نہ بنا تو این سی اے کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ اداروں میں چہرے بدلتے ہیں الزامات وہی ہیں۔ کاغذ لہرانے والے آج غائب ہیں اور وکیلوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے۔ نئے مشیر احتساب کو وزیر اعظم نے بلایا اور کہا شہباز شریف کے خلاف کیس چاہیے لیکن این سی اے نے کہا کوئی کک بیک نہیں اور کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہے۔

ن لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم کرسی سے ہٹے تو یہ کرائے کے ترجمان نظر نہیں آئیں گے، شہزاد اکبر اب احتساب سے نہیں بچ سکتے اور سرکاری افسران شہزاد اکبر کا حال دیکھ لیں۔

ترجمان ن لیگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے اور حکومتی اتحادی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج فیصلہ کرے گی کہ عدم اعتماد کب کرنا ہے اور پیپلز پارٹی اپنا مؤقف واضح طور پر دے چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحريک عدم اعتماد پر کام مکمل ہو رہا ہے، اتحادی ہمارے ساتھ رابطے ميں ہيں۔ نواز شریف اور پارٹی کی جانب سے شہباز شریف کو جو ٹاسک دیا گیا ہے وہ پورا کر رہے ہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube