اسد عمر کہتے ہیں ماضی میں ملک کے تمام وسائل اور 5 بڑے شہروں پر چند خاندانوں کا قبضہ رہا، قومی دولت لوٹ کر دنیا بھر میں اپنی جائیدادیں بنانے والوں کا پیٹ ابھی تک نہیں بھرا، اسلام آباد اور پنجاب میں میئر کے براہ راست انتخابات سے صحت و تعلیم سمیت عوام کے تمام بنیادی مسائل فوری حل ہوں گے۔
وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی شہری سے ریاست جبری طور پر زمين نہیں لے سکے گی، اسلام آباد اور پنجاب میں میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، میئر اس مرتبہ ووٹ لیکر آئے گا اس لئے وہ عوام کو جوابدہ ہوگا، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور دیگر شعبے میئر کے پاس ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ملک کے تمام وسائل اور 5 بڑے شہروں پر چند خاندان قابض رہے، سنیما کے ٹکٹ بیچنے والے سرے محل کے مالک بن گئے، گوالمنڈی میں کاروبار کرنے والوں کی لندن، دبئی میں جائیدادیں بن گئیں۔
اسد عمر نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بچا کچا اختیار بھی مقامی حکومت سے لے لیا گیا ہے، کمیشن کھا کھاکر بھی ان کا پیٹ نہیں بھرا۔