لاہور میں گھر میں داخل ہونے والے ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولیاں مار گھر کے خانساماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق رائے ونڈ میں 2 ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے جہاں خانساماں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنے پر انہوں نے گولیاں چلاکر 35 سالہ ملازم کی جان لے لی۔ مقتول اختر علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ڈاکو ان دنوں بے دریغ شہریوں کی جانیں لینے رہے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں ماہ لوٹ مار کے دوران 4 افراد جان سے جا چکے ہيں۔
گرین ٹاؤن میں دکان لوٹنے والے اسٹریٹ کریمنلز نے ایک راہ گیر اقبال کی جان لی۔ لاری اڈا کے علاقے میں ڈاکوؤں نے مانسہرہ کے عدیل کو قتل کیا۔ ڈاکوؤں نے خواتین کے حوالے سے بھی کسی رحم کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے ملت پارک میں مصباح نامی 55 سالہ خاتون کو پرس چھیننے کے دوران گولیاں ماری گئیں۔
سال 2021 کے 11 ماہ کے دوران اب تک ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں 28 شہری ڈاکوؤں کے ظلم کا شکار ہوکر جانیں گنواچکے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے خلاف جارحانہ پالیسی کے تحت رواں ماہ مبینہ 4 ڈاکو پولیس مقابلوں میں مارے گئے جبکہ 8 زخمی حالت میں گرفتارکیے گئے۔