Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

دسمبر 2022ء تک پارلیمنٹ کو پیپر لیس ایوان بنادینگے، امین الحق

SAMAA | - Posted: Nov 13, 2021 | Last Updated: 6 months ago
SAMAA |
Posted: Nov 13, 2021 | Last Updated: 6 months ago

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن سید امین الحق نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر 2022ء تک قومی اسمبلی اور سینیٹ کو پیپر لیس پارلیمان بنادیا جائے گا، جس کے بعد ان ایوانوں کی کارروائیوں میں فائلوں اور کاغذوں کے انبار نہیں بلکہ صرف ٹیبلیٹس استعمال ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے صحافیوں کیلئے قائم کردہ ڈیجیٹل اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری محمد رضوان بھٹی، دیگر عہدیدار و اراکین گوررننگ باڈی، کلب کے ممبران اور وزارت کے افسران بھی موجود تھے۔

امین الحق نے بتایا کہ پارلیمان میں مذکورہ مدت کے بعد کاغذ کا استعمال یکسر ختم کردیا جائے گا، جس سے کاغذ و فائلوں کے اخراجات اور ان پر ہونے والے ٹرانسپورٹیشن چارجز سمیت دستاویزات پر آنیوالی پرنٹنگ کاسٹ بھی بچے گی اور یہ ایک ماحول دوست اقدام بھی ہوگا۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے دیہی علاقوں میں عوام بالخصوص نوجوانوں کیلئے انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس پر کثیر رقم صرف ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سندھ کے دیہی عوام کو کنیکٹیوٹی میسر ہوگی جو دور جدید کے تقاضوں کی تکمیل کیلئے انتہائی لازمی و مفید ہے۔

وفاقی وزیر نے شکوہ کیا کہ مذکورہ پروگرام کیلئے وفاق نے جب سندھ کا ساتھ طلب کیا اور اس مقصد کیلئے انہوں نے پہلے وزیراعلیٰ اور پھر صوبائی آئی ٹی وزیر کو میٹنگ کیلئے خطوط لکھے تو ان دونوں نے جواب تک نہیں دیا بلکہ محض منسٹر کے پی ایس کے لیٹر ہیڈ پر لکھا گیا ایک جواب ملا جس میں صوبائی وزیر کی جانب سے مصروفیت کا جواز پیش کرکے میٹنگ میں شرکت سے معذرت کی گئی اور کسی اگلی تاریخ پر ملاقات رکھ لینے کا بھی کوئی عندیہ نہیں دیا گیا۔

ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ کراچی میں اربوں روپے کی لاگت سے ایک آئی ٹی پارک قائم کیا جائے گا جس سے نوجوانوں کو جدید خطوط پر بیش بہا سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کراچی ایپ کے نام سے ایک موبائل ایپلی کیشن شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا جس کی مدد سے شناختی کارڈ، لائسنس کی تجدید، بلوں کی ادائیگی سمیت مختلف کام گھر بیٹھے ممکن ہوسکیں گے۔

امین الحق کا کراچی گرین لائن منصوبے پر کہنا تھا کہ اس کا افتتاح رواں ماہ ہی متوقع ہے، سیاسی انتقام کے باعث سندھ حکومت نے کراچی میٹرو نہیں بنائی۔

ایمرجنسی معاملات و دیگر امور کیلئے ایک اور اہم منصوبے پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اب پولیس کی مدد طلب کرنے سمیت بجلی و دیگر شہری سہولیات کی تعطلی کی شکایات کیلئے علیحدہ فون نمبروں کے بجائے صرف ایک نمبر مہیا کردیا جائے گا جو 911 ہوگا تاکہ مختلف معاملات کیلئے عوام کو الگ الگ نمبر ذہن میں نہ رکھنے پڑیں اور وہ فوری طور پر اپنے مطلوبہ محکمے سے رابطے میں آجائیں۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کے قیام پر امین الحق اور ان کے محکمے کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ڈیجیٹل اسٹوڈیو ہے جو ملک کے کسی پریس کلب میں قائم ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسٹوڈیو میں صحافیوں کو ڈیجیٹل جرنلزم میں درکار سہولیات مفت میسر ہونگی جس کے ذریعے انہیں اپنی خبریں، ویڈیوز اور پیکجز سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کرکے معاشی فوائد حاصل ہوسکیں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
Facebook Twitter Youtube