بلوچستان کے ضلع تربت میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خودکش بمبار سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر محکمہ انسداد دہشتگردی کی ٹیم نے تربت میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خود کش بمبار سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان رواں ماہ گوادر میں چینی کانوائے پر خودکش حملے کی سہولت کاری میں بھی ملوث تھے، واقعے میں ملوث ماسٹر مائنڈ ہمسایہ ملک میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ خاران میں ایف سی کی کارروائی میں 2 کمانڈروں سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے، جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولا بارود بھی برآمد ہوا۔