وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپنے معاشی و سماجی ایجنڈے کی پیروی کے لئے ہم اندرون اور بیرون امن چاہتے ہیں۔ ہماری تمام تر توجہ جیو پالیٹکس سے اب جیو اکنامکس پر مرکوز ہوگئی ہے۔
پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی فلاح، بہبود اور خوشحالی پر توجہ دے رہے ہیں۔ معیشت کی بحالی، کرونا اور ماحولیاتی تحفظ پر ہماری پالیسیوں کو عالمی طور پر پذیرائی ملی۔
قوم کو جشن آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے، کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ معاشی و سماجی ایجنڈے کی پیروی کیلئے ہم اندرونی اور بیرونی امن چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی پرچم لہراتے ہوئے ایمان، اتحاد، تنظیم کی اقدار کو بلند رکھنا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے ان قومی اقدار کا تصور پیش کیا تھا۔ ہم نے متحد، پُر امن اور پُرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کیلئےکٹھن چیلنجز عبور کیے۔ پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہو سکتا ہے۔
کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ کاز کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔