کراچی کو بالآخر نيا ايڈمنسٹريٹر مل گيا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خواہش پر مرتضیٰ وہاب کو ايڈمنسٹريٹر کراچي مقرر کرديا گیا، سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد سندھ حکومت نے مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
مرتضیٰ وہاب کو ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب وزیراعلیٰ کے مشیر ہیں، ان کے پاس قانون، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی کے قلمدان ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 2 روز قبل کراچی کے تین اضلاع غربی، وسطی اور کورنگی میں بھی ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جسے 24 گھنٹوں کے اندر ہی واپس بھی لے لیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کو کراچی کی ترقی کیخلاف سازش قرار دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 13 سال ان کی پارٹی (پیپلزپارٹی) نے کچھ نہیں کیا، اب کیا کرلیں گے، ہم کراچی کو برباد کرنے کا سرٹیفکٹ کسی کو نہیں دیں گے، مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔