تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جیت تحریک انصاف کی ہوگی اور اور انشااللہ کلین سویپ ہونے جا رہا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ جس پولنگ اسٹیشن پر ہوں یہاں ٹرن اووٹ 70 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جب الیکشن ہارنے جاتے ہیں تو پھر اپنا منہ چھپانے کے لیے دھاندلی کا سہارا لیتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو کہوں گا جب پکارنے کا وقت تھا تب پکارا نہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ پوری انتخابی مہم میں مریم نواز نے ایک بار بھی نریندر مودی کو نہیں للکارا۔ وہ نریندر مودی جس نے 15 اگست 2019 سے کشمیری بہن بھائیوں کو کرفیو میں رکھا ہوا ہے لیکن نریندر مودی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔