پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر میں کارخانوں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے تعمیر شدہ ’نیو لیبر سٹی‘ کا افتتاح کردیا جس میں ایک ہزار سے زائد فلیٹ ہیں۔
پیر کو بلاول بھٹو زرداری سکھر پہنچے جہاں انہوں نے چلڈرن ایمرجنسی سیٹلائیٹ سینٹر کا افتتاح کیا اور مزدوروں میں ایک 1024 فلیٹ بھی مفت تقسیم کردیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن مہم میں 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا مگر اس حکومت کی ہاؤسنگ اسکیم عام آدمی اور مزدوروں کیلئے نہیں بلکہ ارب پتی لوگوں کا کالا دھند سفید کرنے کیلئے ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تعمیراتی سیکٹر اور ہاؤسنگ کیلئے پیکج دیا ہے جس میں انہیں ٹیکس چھوٹ سمیت ذرائع آمدن دکھانے سے بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔ کسی بلڈر یا سرمایہ کار سے یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ زمین خریدنے یا عمارتیں تعمیر کرنے کا پیسہ کہاں سے آیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مزدوروں کو حقوق دینے کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی اور آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں کی آواز ہے جبکہ موجودہ حکومت عوام پر مسلط کی گئی اور یہ عوام دشمن حکومت ہے۔
IK is busy making people homeless while Chairman #PPP @BBhuttoZardari is inaugurating workers colony where families of more than 1000 labourers will b housed. SelectedPM regularised his own villa in Bani Gala but took away shelter4rm so many Pakistanis! #MazdoorKaBhuttoZindaHai pic.twitter.com/teaIyNENv9
— Shazia Atta Marri (@ShaziaAttaMarri) January 18, 2021
الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث نہیں جائیں گے جبکہ مریم نواز اور پی ڈی ایم کی دیگر قیادت شریک ہوگی۔ اپوزیشن کل منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی اور تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈںگ کیس کی کارروائی آگے بڑھانے کا مطالبہ کرے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار متنازع رول رہا ہے۔ پی ٹی آئی اور ان کے سہولت کاروں نے الزام لگائے کہ پی پی پی کی بھی فارن فنڈنگ ہے مگر وہ ثبوت پیش نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ نیب آمر کا کالا قانون ہے۔ ہم اس کالے قانون کی مخالفت کرتے ہیں۔ نیب سیاسی کٹھ پتلی بن چکا ہے جو ایک فون کال پر کام کرتا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے مگر نیب ان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کے ارکان پر سیاسی دباؤ ڈالا جا رہا ہے مگر اپنے ارکان پر فخر ہے کہ وہ دباؤ میں نہیں آئے۔