پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کی تیاری کیلئے سندھ اسمبلی میں فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹاکر بہتر متبادل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ عہدے کے امیدوار ہیں۔
کچھ عرصہ قبل فردوس شمیم نقوی نے کراچی کے مسائل اور عوام کی مشکلات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سمیت اعلیٰ قیادت پر تنقید کی تھی۔ اس موقع پر بھی فردوس شمیم نقوی سے استعفٰی مانگا گیا تھا مگر انہوں نے ہم خیال دوستوں کے ذریعے بنی گالا سے معاملہ حل کروالیا تھا۔
مگر فروری یا مارچ میں سینیٹ انتخابات ہونے والے ہیں جس کیلئے تمام جماعتیں متحرک اور جوڑ توڑ کے ماہر سیاست دانوں کو آگے لارہی ہیں۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف نے بھی سندھ اسمبلی میں کمزور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹاکر متحرک شخص کو سامنے لائیں۔
تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے بھی پیپلز پارٹی سے مقابلے کے لیے فردوس شمیم نقوی کو کمزور امیدوار قرار دے کر مرکزی قیادت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فردوش شمیم جگہ حلیم عادل شیخ اپوزیشن لیڈر کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔
فردوس شمیم نقوی نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کرچکے ہیں۔ انہوں نے معاملے کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ استعفیٰ میں لکھ دیا ہے۔