الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی، 15 دن میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تاریخ بھی مانگ لی۔ اليکشن کميشن نے فارن فںڈنگ کیس میں اسکروٹنی میں تاخیر پر تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، پنجاب حکومت نے کرونا پھیلاؤ کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی جسے مسترد کر دیا گيا۔
الیکشن کمیشن نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے سنجیدہ ہی نہیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات بھی کرونا ايس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے کرائے جارہے ہیں۔
ای سی پی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی قانون کے تحت صوبائی حکومت 15 دن میں انتخابات کی تاریخ سے آگاہ کرے۔
الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں تحقیقات کرنیوالی اسکروٹنی کمیٹی کا کام مکمل نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ کمیٹی ہفتے میں 3 دن اپنا کام کرے تاکہ اسکروٹنی کا عمل جلد مکمل ہوسکے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بلدیاتی انتخابات کے معاملے اور فارن فنڈنگ کیس سے متعلق آئندہ اجلاس 15 دن بعد ہوگا۔