Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

فوج کیخلاف بات کرنے پر72 گھنٹوں میں پرچہ کٹے گا،شیخ رشید

SAMAA | - Posted: Jan 2, 2021 | Last Updated: 1 year ago
SAMAA |
Posted: Jan 2, 2021 | Last Updated: 1 year ago

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جو فوج کیخلاف بات کریگا اس پر 72 گھنٹوں میں پرچہ کٹے گا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چین اور افغانستان کیلئے مینوئل ویزے ختم کردیئے گئے ہیں۔

راول پنڈی میں نادرا دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ افغانستان اور چین کیلئے مینوئل ویزے کا طریقہ کار ختم کرکے اب اسے مکمل طور پر آئن لائن کردیا گیا ہے، تاکہ غیر قانونی ویزا دینے والوں کو پکڑا جائے اور غیر قانونی ویزے میں کمی کی جا سکے۔ دونوں ممالک کے مینوئل ویزے ختم کرتے ہی پہلے روز 2 لاکھ آئن لائن درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ 

عمران خان گھٹنے نہیں ٹیکے گا

وفاقی وزیر داخلہ نے دو ٹوک لہجے میں کہا کہ سورج مشرق کی جگہ مغرب سے نکلے، مگر عمران خان گھنٹے نہیں ٹیکے گا۔ اپوزیشن کے کسی بھی اقدام کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ن لیگ نے خود اپنے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا ہے۔ عمران خان حکومت چھوڑ دے گا مگر این آر او نہیں دے گا۔

فوج کے خلاف پراپیگنڈہ

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، یہ ہمارے ادارے ہیں، جو فوج کیخلاف بات کرے گا 72گھنٹے ميں اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ یہ 72 گھنٹے 73 میں تبدیل نہیں ہونگے۔ ملکی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایک سازش اور منصوبے کے تحت قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر جب تک میں وزیر داخلہ ہوں، کچھ برداشت نہیں کرونگا۔

نواز شریف کا پاسپورٹ

انہوں نے کہا کہ میرے پاس سابق صدر پرویز مشرف کے پاسپورٹ کی ایکسٹینشن نہیں آئی، نواز شریف پر تو میں نے احسان نہیں کیا۔ میاں نواز شریف کے پاسپورٹ میں توسیع نہیں ہوگی۔ 16فروری کو نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوگی۔

پی ڈی ایم

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی، پی ڈی ایم کے استعفیٰ لاکر میں رکھے ہیں۔ لوگوں نے ابھی استعفیٰ پر دستخط نہیں کیے۔ پی ڈی ایم فروری میں دم توڑ جائے گی، انہیں لانگ مارچ کا شوق ہے تو پورا کرلیں، پی ڈی ایم لانگ مارچ کرے گی، تو ہم بھی قانونی اختیارات استعمال کریں گے۔ تاہم پیر سے ان کے استقبال کی تیاری کر رہے ہیں۔ جس دن لانگ مارچ کی تاریخ دیں گے، ہم اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کریں گے۔ 20 فروری کو سیاست کھل جائے گی اور میں اپنی بات پر قائم ہوں۔

فضل الرحمان

جے یو آئی ف کے سربراہ فضل الرحمان سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کا رنگ اڑا اڑا نہیں اڑ گیا ہے۔ انہیں اسلام اور اسلام آباد میں فرق کرنا چاہیئے۔ ان کو اپنے 13 استعفیٰ نہیں ملیں گے۔ ان کے ستارے گردش میں ہیں۔ انہیں چاہیئے کہ وہ اسلام آباد پر قبضے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

بلاول بھٹو

ایک صحافی کی جانب سے بلاول بھٹو سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول اپنے والد زرداری کے ہاتھ کی گھڑی اور چھڑی ہیں۔ ن لیگ غیر پارلیمانی زبان استعمال کرکے امیج خراب کر رہی ہے۔ بلاول سمجھدار ہے، اس نے اچھا کھیلا ہے، وہ اپنے لیے بہتر راستے بنانے جا رہا ہے۔ بلاول کے فیصلوں کا اختیار آصف زرداری کے پاس ہے، ڈائیلاگ کا راستہ کھلا نہ رکھنے والا سیاستدان کم عقل ہے۔

شناختی کارڈز کا اجرا

وزیر داخلہ نے بتایا کہ 1 لاکھ شناختی کارڈز روزانہ جاری ہونگے، پہلا شناختی کارڈ 15 دن میں جاری ہوگا۔ تمام ڈیٹا مرتب کر رہے ہیں۔ 300 نادرا کی وینز دور دراز علاقوں میں شناختی کارڈ جاری کرے گی، جب کہ 50 نادرا سینٹر 24 گھنٹے کام کریں گے۔

افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز

افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ کے اجرا سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 8 لاکھ افغانوں کا اور 15 لاکھ پناہ گزین کا ڈیٹا جمع کیا ہے، جب کہ 2 لاکھ غیر قانونی رہائش پذیر افغانیوں کے کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔ افغانستان کے 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین کو یہاں رہنے کی اجازت ہے۔

نیب

قومی احتساب بیورو نیب پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم کرپشن کریں تو ہمارے خلاف بھی نیب ایکشن لے۔ نیب ختم نہیں ہورہا ہے، ہم نے بھی کل ریٹائر ہونا ہے۔ جس ادارے کو اپنے 2 ادوار میں انہوں نے ختم نہیں کیا تو اب ہم بھی نہیں کریں گے۔ پیر کو تمام تر آئی جی کی بیٹھک ہے، جس میں صوبوں میں امن و امان سے متعلق حالات پر مشاورت اور غور کیا جائے گا۔ امن و امان کی صورت حال بہتر کرنے کیلئے ماڈرن ایگل اسکواڈ آرہی ہے، جب کہ پولیس کیلئے بھی ماڈرن گاڑیاں لا رہے ہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
Facebook Twitter Youtube