پيپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے ایک بار پھر سیاسی خواب دیکھ لیا ہے اور اس نئے خواب کے مطابق وہ سینیٹ کے انتخابات سے پہلے کوئی انہونی ہوتی محسوس کررہے ہیں۔
منظور وسان اکثر اہم سیاسی خواب دیکھنے کا تذکرہ کرتے ہیں تاہم اس مرتبہ انہوں نے شاید کوئی دو ٹوک خواب نہیں دیکھا بلکہ یہ کچھ ادھورا اور اس میں مناظر کچھ دھندلے رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے خواب کے مطابق حالات صحیح نہیں جارہے اور آنے والا سال سن 2020 سے بھی کٹھن ثابت ہوگا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سن 2021 میں کچھ بھی ہوسکتا ہے اور وہ سینیٹ الیکشن سے پہلے کچھ اور دیکھ رہے ہیں۔ تاہم منظور وسان نے یہ واضح نہیں کیا کہ کچھ بھی ہوسکنے اور کچھ اور دیکھنے سے ان کی اصل مراد کیا ہے۔
دریں اثناء منظور وسان کے اس خواب کے حوالے سے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے خیر کی دعا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔