کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے ویڈیو کالز میں اضافہ ہوا ہے جس کا فیس بک اور زوم جیسی کمپنیوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا ہے۔
اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے رواں سال کے شروع میں واٹس ایپ نے بھی گروپ کال کی حد کو چار سے بڑھا کر آٹھ کردیا تھا مگر یہ آڈیو، ویڈیو کالنگ کی سہولت صرف اسمارٹ فون پر ہی دستیاب رہی۔
اب ایسا لگتا ہے کہ واٹس ایپ جلد ہی ڈیسک ٹاپ یعینی واٹس ایپ ویب پر بھی کالنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
واٹس ایپ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق کمپنی نے اپنے ایک ٹیسٹ ایپ میں ڈیسک ٹاپ کالنگ فیچر بنانا شروع کردیا ہے۔ جب یہ فیچر تیار ہوکر متعارف ہوجائے تو صارفین واٹس ایپ ویب کے ذریعے انفرادی اور گروپوں آڈیو اور ویڈیو کالز کرسکیں گے۔
یہ بات واضح نہیں ہے کہ فیچر کب تک عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا مگر واٹس ایپ نے باقاعدہ اس پر کام شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور گھر سے کام کرنے کے باعث ورچوئل میٹنگز، سیمینارز، مباحثے اور دیگر پروگرامات کے باعث گروپ کالز کی سہولت فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کی مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے۔
رواں سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے سربراہان مملکت نے بھی آن لائن خطاب کیا۔