دہری شہریت کیس میں فیصل واؤڈا کے لئے ایک اور مسئلہ درپیش ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر کیخلاف دائرتوہینِ عدالت درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
عدالت عالیہ میں درخواست گزار جہانگیر جدون نے موقف اختیارکیا کہ نااہلی کیس میں عدالت نے 29 جنوری کو فیصل واؤڈا کو 2 ہفتےمیں جواب جمع کرانےکا حکم دیا تھا،تاہم 5 ماہ ہوگئے مگر جواب جمع نہیں کرایا گیا۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر کی نا اہلی دو جمع دو چار کی طرح سادہ کیس ہے،وہ اسی لیے اپنا جواب جمع کروانا ہی نہیں چاہتے۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اگریہ نتیجہ ساڑھے چار یا ساڑھےتین نکل آیا تو پھرکیا ہوگا؟۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماء فیصل واؤڈا کے خلاف الیکشن کمیشن سے حقائق چھپانے پر نااہلی کی درخواست زیرِ سماعت ہے۔