لاہور کی غالب مارکيٹ ميں ڈکيتی کی کوشش کرنے والا ايک ڈاکو مقابلے کے بعد گرفتار کرليا گيا، ايک فرار ہوگيا، مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹيج منظرعام پر آگئی۔
لاہور کے علاقے غالب مارکيٹ کے ایک ريسٹورنٹ ميں 16 جون کی رات 10 بج کر 36 منٹ پر 2 ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، کچھ ہی منٹ بعد اتفاقاً پوليس کی نفری وہاں پہنچ گئی، ايس ايچ او کان پر فون لگائے، اندر داخل ہوئے۔
وہ فون سننے ميں اتنے مگن تھے کہ سامنے کھڑے ملزمان پر توجہ ہی نہ دی، اس دوران ڈاکوؤں نے ان پر گولی چلادی تاہم وہ بال بال بچ گئے، اس دوران باہر کھڑے پولیس اہلکار نے رائفل سے جوابی فائرنگ کردی۔
ريسٹورنٹ کے اندر موجود ايک ڈاکو گولی لگنے سے زخمی ہوا ليکن اس کے باوجود اندر سے فائرنگ ہوتی رہی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد پوليس نے ايک ملزم کو زخمی حالت ميں گرفتار کرليا جبکہ دوسرا فرار ہوگيا۔ پوليس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ريکارڈ يافتہ ہے، فرار ہونے والے ڈاکو کو بھی جلد گرفتار کرليا جائے گا۔