کراچی کے ٹرانسپورٹ اتحاد نے یکم جون سے بسیں سڑکوں پر لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیاں بند کیں تو احتجاج کریں گے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہت نقصان برداشت کرلیا ہے۔ مزید خسارہ نہیں اٹھا سکتے۔ گاڑیاں کھڑی کرنا ضروری ہے تو ہمیں ریلیف پیکیج دیا جائے۔
ارشاد بخاری نے کہا کہ یکم جون سے کراچی کی سڑکوں پر ٹرانسپورٹ چلائیں گے۔ حکومت نے گاڑیاں بند کیں یا ڈرائیورز گرفتار ہوئے تو احتجاج کریں گے۔ حکومت نے مذاکرات کی یقین دہانی کرائی مگر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ مارچ کے آخری ہفتے سے حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں آن لائن ٹیکسی سروس اور بسوں سمیت ہر قسم پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کررکھی ہے۔