رحیم یار خان کے شہر صادق آباد میں 3 منزلہ گھر کی چھت گرنے سے ماں اور بچہ جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ صادق آباد کے علاقے پبلک کالونی میں پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے گھر میں موجود خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور امدادی ٹیموں نے 2 گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔
حادثے میں ماں اور بچہ جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو کے مطابق 3 منزلہ گھر کی چھت پر تعمیرات کا کام جاری تھا جہاں ریت اور بجری سمیت دیگر سامان بھاری تعداد میں رکھا گیا تھا جس کا وزن برداشت نہ کرنے سے بوسیدہ حال چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔