لاہور میں معمولی تلخ کلامی پر رشتہ داروں نے 25 سالہ نوجوان کے سر ميں گولی ماردی، مقتول کم سِن بیٹی کا باپ تھا، پوليس ملزمان کی گرفتاری ميں ناکام ہوگئی۔
لاہور کے علاقے نصیر آباد میں چار روز قبل رشتہ داروں کے درمیان معمولی سی بات پر شروع ہونیوالی لڑائی فائرنگ تک جاپہنچی۔
پھوپھی زاد بھائیوں سے قطع تعلق کے بعد آتے جاتے ایک دوسرے کو گھورنا جھگڑے کی وجہ بنا، اویس نامی شخص نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کردی، ایک گولی عامر کے سر میں لگی، جو سروسز اسپتال میں 4 روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گيا۔
عامر کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے فائرنگ کرنیوالے شخص کو ابھی تک گرفتار نہيں کيا، جبکہ اسلحہ فراہم کرنیوالے شخص کو بھی چھوڑ دیا گيا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کيا گیا تھا، ملزمان نے عبوری ضمانت کرا رکھی ہے۔