پاکستان سٹیزن پورٹل کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو ارسال کردی گئی ہے جس کے مطابق شکایت کرنے والے 60 فیصد افراد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 40 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ان کی شکایت پر ایکشن لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایتیں موصول ہوئیں جن میں 14 لاکھ 60 ہزار شکایات کا ’ازالہ‘ کیا گیا جبکہ دو لاکھ کے قریب شکایات کا ازالہ نہ ہوسکا۔
دوسری جانب جن کی شکایات کا مبینہ ازالہ کیا گیا، ان میں سے 60 فیصد افراد نے کہا ہے کہ وہ کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ سٹیزن پورٹل پر حکام کی جانب سے شکایت کا ازالہ ہونے کے بعد شکایت کرنے والے کو آپشن دیا جاتا ہے کہ وہ اس ازالے سے مطمئن ہیں یا نہیں۔
اس کے ذریعے یہ پتہ چل سکتا ہے کہ حکام نے حقیقت میں شکایت کا ازالہ کیا ہے یا بغیر ازالہ کیے دفتر میں بیٹھ کر ’اوکے‘ کی رپورٹ دے دی۔ صرف 40 فیصد افراد نے پورٹل کے ذریعے شکایات کے ازالے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ شکایات میونسپل، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق ہیں۔