ایف بی آر نے بتایا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت 20 ہزار سے زیادہ افراد نے اثاثے ظاہر کردیے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع نہیں کی جارہی ہے۔
ایف بی آر ترجمان نے بتایا ہے کہ موجودہ قانون اسکیم کی مدت میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت 30 جون کو ختم ہورہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ تاجروں نے حکومت سے اسکیم کی مدت میں 3 ماہ توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔
دو روز قبل ایف بی آر نے واضح کیا تھا کہ موجودہ ایسٹ ڈیکلیریشن اسکیم کا دائرہ کار صرف اثاثہ جات تک محدود نہیں ہیں۔ ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس گزار زیر التوا ٹیکس مقدمات سے بھی نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ ۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے لاکھوں ٹیکس نادہندگان کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
بینکوں کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات میں ٹیکس نادہندگان کے نام، اکاؤنٹ اور شناختی کارڈ نمبروں کے ساتھ ایڈریس بھی شامل ہیں۔
ایف بی آر حکام کہتے ہیں کہ حاصل شدہ ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کیئے جائیں گے، یکم جولائی سے ٹیکس نادہندگان کیخلاف کارروائی کے ساتھ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کیخلاف بھی ایکشن ہوگا۔
ایف بی آر نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معلومات کی فراہمی پر چیئرمین ایف بی آر نے تمام بینکوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔