Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

امیر قطرکی آج پاکستان آمد،سخت سیکیورٹی،میٹرو اور ہائیکینگ ٹریلز بند

SAMAA | - Posted: Jun 22, 2019 | Last Updated: 3 years ago
SAMAA |
Posted: Jun 22, 2019 | Last Updated: 3 years ago

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ امیر قطر کی آمد پر ریڈ زون سیل جب کہ میٹرو اور ہائیکنگ ٹریلز دو روز کیلئے بند رہیں گے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے قطری امیر کی آمد سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے، غیر متعلقہ افراد کا ریڈ زون میں داخلہ بند ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو سیکیورٹی معاملات خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد میں میٹرو بس سروس اور ہائیکنگ ٹریلز بھی دو روز کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔

معزز مہمان شام چھ بجے دارالحکومت پہنچیں گے، جہاں ان کے استقبال کیلئے شہر کو دونوں ممالک کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نور خان ائیر بیس پر خود معزز مہمان کااستقبال کریں گے۔

معزز مہمان کو جے ایف سیونٹین تھنڈر طیاروں اور اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

معزز مہمان پاکستان آمد پر صدر، وزیراعظم سمیت اہم سرکاری اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ امیر قطر کے ہمراہ اعلی وفد بھی ساتھ آئے گا۔ وزیراعظم کی جانب سے قطری امیر کے اعزازمیں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ معزز مہمان اتوار کی صبح گیارہ بجے ایوان صدر پہنچیں گے۔ قطری شہزادے کے لئے ایوان صدر میں ظہرانے کا اہتمام بھی ہوگا۔

دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے بعد مختلف مفاہمت کی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، جب کہ ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر میں روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ قطر کی جانب سے پینتالیس ہزار افراد کو ورک ویزے جاري کردئیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سال 2015 کے بعد امیر قطرکا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امیر قطر کی پاکستان آمد سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، اس میں سیاسی اور معاشی تعلقات شامل ہیں، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھنے کے بہت مواقع ہیں، تاہم تجارت کتنی بڑی ہوگی، کتنا حجم ہوگا، یہ قیاس آرائیاں ہیں، اس میں میں نہیں پڑ سکتا۔ شیخ تمیم بن حماد الثانی اتوار کو وطن واپس چلے جائیں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube