محکمہ موسمیات نے بروز اتوار رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم پہلا روزہ پیر کو ہوگا یا منگل کو، رویت ہلال کمیٹی اس بات کا حتمی اعلان آج مرکزی اجلاس میں کرے گی۔
پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے 5 مئی بروز اتوار (29 شعبان) کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جو ملک بھر سے موصول شہادتوں کی روشنی میں پہلے روزے کا اعلان کرے گی۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اتوار کو ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں، اس لئے ملک بھر میں پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا۔ میٹ آفس کے مطابق آج غروب آفتاب کے بعد پاکستان میں چاند کی رویت کا وقت صرف 2 تا 6 منٹ ہوگا، جب کہ کراچی میں چاند کی عمر 5 منٹ اور کوئٹہ میں 2 منٹ ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 شعبان کی شام چاند کی پیدائش ہوجائے گی، تاہم اتوار کو چاند نظر آنے کیلئے عُمر پوری نہیں ہوگی، پیر کی شام چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوگا، جب کہ چاروں زونل کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق شہادتیں جمع کریں گی۔
دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں پہلا روزہ پیر کو ہوگا۔