پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماؤں قمر زمان کائرہ، مصطفی نواز کھوکھر، جمیل سومرو اور حسن مرتضی کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو دوپہر 2 بجے وفد کے ہمراہ میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل جائیں گے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے مطابق بلاول بھٹو صرف میاں نواز شریف کی عیادت کے لیے ملاقات کرنے جارہے ہیں، ان کی اس ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات کا مقصد ان کی مزاج پرُسی ہے۔ ترجمان بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے نواز شریف کو مطلوبہ طبی سہولیات فراہم نہ کرنا تشویشناک ہے۔
ترجمان چیئرمن پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی
نواز کھوکھر
چیئرمن پی پی سوموار کو کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کی عیادت کریں گے۔
بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات کا مقصد ان کی مزاج پرُسی ہے۔
حکومت کی جانب سے نواز شریف کو مطلوبہ طبی سہولیات فراہم نہ کرنا تشویشناک ہے، ترجمان بلاول بھٹو— PPP Social Media (@SocialMediaPPP) March 9, 2019
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کی جانب سے ہفتے کو محکمہ داخلہ پنجاب کو خط لکھا گیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، تاہم محکمہ داخلہ پنجاب نے پیپلزپارٹی رہنماؤں کو جواب دیا کہ نوازشریف سے ملاقات کے لیے پیر تک انتظار کرنا پڑے گا۔
محکمہ داخلہ اس کے علاوہ محکمہ داخلہ نے پیپلزپارٹی کو آئی جی جیل خانہ جات سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ جیل حکام کا کہنا تھا کہ ہفتے کی چھٹی کے باعث ملاقات کرانے کیلئے جیل عملہ دستیاب نہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اگر نوازشریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں ، حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔