پی ایس پی کے عہدے دار عبدالحبیب خلجی کا قاتل کوئی اور نہیں سوتیلی ماں نکلی ۔
پولیس کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما عبدالحبیب خلجی کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ، عبدالحبیب کو اس کی سوتیلی ماں نے قتل کرایا۔
پولیس کے مطابق عبدالحبیب کا قتل جائیداد کے تنازع پر کیا گیا ، سید علی نامی شخص کو قتل کيلئے 12 لاکھ روپے دیے جبکہ سوتیلی ماں ہاجرا کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ 18 فروری کو فائیو اسٹار چورنگی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء عبدالحبيب خلجی کو قتل کردیا۔
عبدالحبيب خلجي عام انتخابات 2018ء میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 122 سے امیدوار تھے، انہوں نے ایک ہزار 978 ووٹ حاصل کیے تھے۔
پی ایس پی رہنماء آصف حسنین نے واقعے کا الزام بھارتی خفیہ ایجنسی پر لگاتے ہوئے کہا کہ عبدالحبیب خلجی کے قتل میں راء ملوث ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے 7 خول تحویل میں لے کر فارنزک کےلیے بھیج دیئے۔ عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔