بھارتی جارحیت کے خلاف لاہور میں دوسرے روز بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور وطن کی خاطر جان کا نذرانہ دینے کا عزم کیا۔
ریلی میں شریک تاجررہنماوں کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
سیکرٹری جنرل انجمن تاجران پاکستان نعیم میر نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت کو جو جواب دیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور اس موقع پر پوری قوم اکٹھی کھڑی ہے۔
پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے صحافیوں نے بھی ریلی نکالی جس میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان بھی شریک ہوئے اور اپنے مخصوص انداز میں بھارت کو جواب دیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سبز ہلالی جھنڈا پاکستانیوں کے متحد ہونے کی نشانی ہے اور اس کے ساتھ جو ڈنڈا ہے یہ دشمن کے لئے ہے۔
ڈاکٹروں کی تنظیموں نے بھی ریلیوں کا انعقاد کیا اور ملک کی سالمیت کے لئے ہر قسم کی قربانی کے عزم کا اظہار کیا۔