حب کے قریب سے ملنے والی لاشوں کا معمہ حل ہوگیا، خاتون اور مرد کو غیرت کے نام پر جرگہ کے فیصلے پر قتل کیا گیا، پولیس کے مطابق نصيب زر اور نور بی بی کی جان بہيمانہ تشدد کے بعد لی گئی۔
پولیس تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ اورنگی ٹاؤن کے رہائشی 25 سالہ نصيب زر خان اور نور بی بی ايک دوسرے کو پسند کرتے تھے، ليکن گھر والے پسند کی شادی کیلئے راضی نہ تھے، جولائی 2018ء ميں نصيب گھر والوں سے لڑکر چلا گيا، جس کے ايک ماہ بعد ہی لڑکی بھی لاپتہ ہوگئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے لڑکی اور لڑکے کی گمشدگی سے آگاہ نہيں کيا تھا، گمشدگی کے بعد خاندان کے بزرگوں نے جرگہ بٹھايا اور فيصلہ کيا کہ نصیب زر اور نور بی بی کو تلاش کرکے قتل کرديا جائے، بعد میں دونوں کی لاشيں حب ڈيم کے قريب سے مليں۔
پوليس نے مزید بتایا کہ نصیب زر اور نور بی بی کو بيہيمانہ تشدد کے بعد گلا کاٹ کر قتل کيا گيا، لڑکی کے گھر والوں نے لاش تک وصول نہ کی بلکہ فرار ہوگئے۔ پولیس نے سرکار کی مدعیت میں کارو کاری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرليا۔