میاں نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ کشمیر ہائی وے بلاک کردی جس کے باعث ہر قسم ٹریفک معطل ہوگئی، مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایس پی، اسستنٹ کمشنر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک نیب ریفرنس میں بری اور دوسرے میں سزا سنادی گئی۔ العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور ڈھائی کروڑ ڈالرز جرمانہ سنایا گیا جبکہ فیلگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو کلین چٹ مل گئی۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ اسٹیل اورفلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا جو 19 دسمبر کوفریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا تھا۔احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سیکشن 9 اے 5 کے تحت مجرم قرار دیا۔
دوبج کر 45 منٹ پر نواز شریف پہنچے توانتہائی پریشان دکھائی دیے جس پر مریم اورنگزیب اور پرویز رشید انہیں دیکھ کرآبدیدہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور 25 ملین ڈالرز جرمانہ سنائے جانے کی سزا کے بعد پی پاکتسان مسلم لیگ ن کے سیئنر رہنما سینیٹرمشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو صرف ایک ہی طرح سے شکست دی جا سکتی ہے کہ ان سے عوامی سپورٹ چھین لی جائے مگر عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دریں اثنا لاہور میں مسلم لیگ ن کے کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے ہی ٹی وی توڑ ڈالے۔