وزیراعظم کے معاون خصوصی اور چینی سفیر کے مابین ملاقات میں سی پیک منصوبوں میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ملازمتیں اور مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوان عثمان ڈار اور چین کے سفیر یاو ژنگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی پیک میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے والے میکنزم بنانے پر مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں گیم چینجر منصوبے میں نوجوانوں کو نمایاں نمائندگی دینے کے فیصلے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان اسکل ڈویلپمنٹ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
دونوں رہنماوں کی ملاقات میں اسلام آباد میں پاک چین جوائنٹ یوتھ سینٹر آف ایکسیلنس قائم کرنے پر بھی غور ہوا۔ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں مزید تعاون پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفت گو میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان نوجوانوں کی فلاح کے مشترکا منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر نوجوانوں کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ چین کے ساتھ منصوبوں پر اتفاق بڑی کامیابی ہے، ملک کے نوجوانوں کو ترقی کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔