بلوچستان کے ضلع چاغی میں ڈمپر گرنے کے باعث سیندک پراجیکٹ کے دو ملازمین زخمی ہوگئے جو اسپتال منتقل ہونے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔
لیویز کے مطابق واقعہ صبح پیش آیا جہاں سیندک پراجیکٹ کےمائننگ ایریا میں کام کے دوران ڈمپر اچانک گر گیا جس کے نتیجے میں نجی کمپنی کے دو ملازمین رشید خان اور محمد علی شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جاں بحق ہونے والے ملازمین کا تعلق مستونگ اور نوشکی سے تھا۔
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشیں اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔